فضائی ٹکٹ کا خرچہ بچانے کیلئے 8 گاڑیاں چرا کر گھر کی جانب سفر کرنیوالا شخص

چین سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے انٹرنیٹ کو اس وقت دنگ کر دیا جب اس نے گھر واپسی کے سفر کے لیے فضائی سفر کی بجائے گاڑیوں کو چرانے کا فیصلہ کیا۔

چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مشرقی چین کے صوبے لیاؤننگ سے تعلق رکھنے والے شخص چِن نے ایسا ‘مہنگے’ فضائی ٹکٹ پر پیسے ضائع ہونے سے بچانے کے لیے کیا۔

یہ شخص وسطی چین کے صوبے Hunan سے گھر واپسی کا سفر کر رہا تھا۔

31 مئی کو اس نے اپنے گھر جانے کے لیے 1500 یوآن کا فضائی ٹکٹ خریدا مگر یہ اسے بہت زیادہ مہنگا لگا تو اسے منسوخ کرا دیا۔

ماضی میں گاڑیوں کو چرانے والے چِن نے گھر جانے کے لیے پرانی عادت کو اپنانے کا فیصلہ کیا۔

اس نے رات کو ایک گاڑی کو چرایا اور اپنا سفر شروع کیا۔

اس سفر کے دوران وہ 7 شہروں سے گزرا اور اس دوران 8 گاڑیوں کو چرایا۔

جب بھی کسی گاڑی کا ایندھن ختم ہوتا تو وہ اسے کسی جگہ کھڑی کرکے دوسری چرا لیتا تھا۔

پیسے بچانے کے لیے وہ گاڑیوں میں موجود قیمتی اشیا بھی اٹھا کر فروخت کر دیتا تاکہ کھانے پینے اور روڈ ٹولز کا خرچہ پورا کرسکے۔

ووہان سے جب اس نے گاڑی چرائی تو شوروم کے عملے کو جلد ہی علم ہوگیا کہ ڈیڑھ لاکھ یوآن مالیت کی گاڑی غائب ہے تو ان کی جانب سے پولیس سے رابطہ کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے چوری شدہ گاڑی کو ٹریک کیا گیا تو دریافت ہوا کہ وہ ووہان سے نکل کر شمال کی جانب سفر کر رہی ہے۔

اگلے دن صوبہ Hebei میں چِن نے ایک اور گاڑی چرانے کی کوشش کی اور اس کے مالک کو زخمی کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

مگر 24 گھنٹے بعد پولیس نے اسے ایک گاڑی کے اندر سوتے ہوئے دریافت کرلیا اور حراست میں لے لیا۔

جن 8 گاڑیوں کو چِن نے چرایا ان کی مالیت مجموعی طور پر 10 لاکھ یوآن سے زیادہ تھی اور ان تمام گاڑیوں کو پولیس نے بازیاب کرالیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں