جاپان کو اکثر تحقیقی رپورٹس یا سرویز میں دنیا میں نیند کی کمی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔
مگر ایک کمپنی نے وہاں کے شہریوں کو نیند کی کمی سے بچانے کے لیے ایک انوکھا حل پیش کیا ہے اور وہ ہے ایک جیکٹ۔
جی ہاں واقعی کونیل نامی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کی ‘اسمارٹ’ پفر جیکٹ آپ کو کسی بھی جگہ سلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ فی الحال ایک کانسیپٹ جیکٹ ہے جس کا مقصد مختصر قیلولے یا نیند کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس کے لیے صارف کے بائیومیٹرک ڈیٹا جیسے دل کی دھڑکن اور جسمانی درجہ حرارت کو استعمال کیا جاتا ہے۔
کمپنی کریٹیو آرٹ ڈائریکٹر ڈیائی مائیاتا کے مطابق ہمارے خیال میں نیند ہماری زندگی کی بہت ضروری جز ہے، آپ کسی کو سونے کے لیے مجبور نہیں کرسکتے، ہر فرد اپنی مرضی کے مطابق سوتا ہے، تو اسی وجہ سے ہم نے سوچا کہ کچھ ایسا تیار کیا جائے جو لوگوں کو سونے میں مدد فراہم کرے۔
اس جیکٹ کو ZZZN سلیپ کا نام دیا گیا ہے جسے عام جیکٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے بس اس کا حجم کافی بڑا ہے۔
مگر نیند کے حصول کے لیے جیکٹ کے ہڈ میں نصب ‘سلیپ موڈ’ کو متحرک کرنا پڑتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ابھی اسے عام صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا جا رہا بلکہ اوساکا میں 24 جون سے 7 جولائی 2025 کے دوران شیڈول ایکسپو 2025 میں اسے پیش کیا جائے گا۔
ایکسپو میں آنے والے افراد اس جیکٹ کو آزما سکیں گے۔
کمپنی کو توقع ہے کہ اس جیکٹ سے لوگوں کے اندر نیند کے حوالے سے شعور اجاگر ہوگا۔
اس جیکٹ کی تیاری پر کام 2024 میں شروع ہوا تھا جس کے لیے جاپان کی وزارت معیشت، تجارت و صنعت نے بھی گرانٹ دی تھی۔
کمپنی نے بتایا کہ جاپان نیند کی کمی کے شکار بدترین ممالک میں سے ایک ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم اس مسئلے کی روک تھام کرنا چاہتے ہیں۔