غیرملکی سیاح کی ہنزہ کی عطا آباد جھیل میں ہوٹل کی سیوریج اور غلاظت کی شکایت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی سیاح نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مقامی افراد نے ہوٹل کا فضلہ جھیل میں چھوڑے جانے کی اطلاع دی ہے۔
انہوں نے ویڈیو میں دکھایا بھی کہ جھیل کے صاف پانی اور گندے پانی کے درمیان فرق کو واضح طورپر دیکھاجاسکتاہے۔
غیر ملکی سیاح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گلگت بلتستان کی حکومت ایکشن میں آگئی اور فوری واقعے کا نوٹس لے لیا۔
صوبائی حکومت کے نوٹس کے بعد انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی گلگت بلتستان کی ٹیم معائنہ کرنے عطا آباد جھیل پہنچ گئی۔
انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے ترجمان نے کہاکہ جھیل میں سیوریج کے پانی کے شواہد ملے تو ہوٹل انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔