واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس اینجلس میں حالات پر قابو پانے کے لیے مزید 2 ہزار نیشنل گارڈز سمیت میرینز کو بھی تعینات کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف لاس اینجلس میں بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں اور اب صدر ٹرمپ نے حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے مزید 2000 نیشنل گارڈز اور 700 میرینز تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیوم نیوسم ریاست میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی پر ناخوش ہیں اور انہوں نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ لاس اینجلس شہر میں غیرقانونی امیگرینٹس کے خلاف چھاپوں کی وجہ سے مظاہرے شروع ہوئے تھے اور احتجاج کرنیوالوں کی امیگریشن حکام اورپولیس سے شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔
اس دوران املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا جس کے بعد نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔