امریکی وی لاگرپاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی عوام کو پُرسکون دیکھ کر حیران

امریکی ٹریول وی لاگر پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی عوام کو پُرسکون دیکھ کر دنگ رہ گیا۔

مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کرگئی تھی جس کے بعد بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں حملے کرکے 31 پاکستانیوں کو شہید کردیا تھا۔

تاہم اس کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کیا جس میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاک بھارت کشیدگی کے دوران فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا جس کی وجہ سے بیشتر ملکی اور غیر ملکی افراد پاکستان میں ہی پھنس گئے تھے۔

انہی لوگوں میں ایک امریکی ٹریول وی لاگر ڈریو بنسکی بھی شامل ہیں جو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے اور کشمیر میں پھنسنے کی وجہ سے ان کا دورہ بھی طویل ہوگیا۔

اسی دوران انہوں نے اپنی وی لاگنگ جاری رکھی اور کشمیر میں معمولات زندگی سے اپنے فالوورز کو آگاہ کیا۔

انہوں نے سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بہت سے لوگ میری خیریت دریافت کرنے کے لیے مجھے کالز اور میسجز کر رہے ہیں تو میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں بالکل خیرت سے ہوں۔

وی لاگر نے مزید بتایا کہ یہاں سڑکوں پر لوگ اپنے ملک کی سلامتی اور فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکال رہے ہیں۔

امریکی وی لاگر کا کہنا تھا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستانی عوام اس کشیدہ صورتحال میں بھی بہت بے فکر نظر آ رہی ہے، ہر کوئی اپنی زندگی معمول کے مطابق گزار رہا ہے، دکانیں کھلی ہیں اور بچے اسکول جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں