بھارتی شہر میرٹھ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنے دیور کے ساتھ اس وقت فرار ہوگئی جب اس کے شوہر نے بار بار اصرار کرنے کے باوجود داڑھی کٹوانے سے انکار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عرشی نامی خاتون کی شادی 7 ماہ قبل ہی ہوئی تھی، شوہر کے مطابق اس کی بیوی نے شادی کے فوراً بعد اس پر داڑھی منڈوانے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا تھا۔
عرشی نے مبینہ طور پر اس سے کہا کہ اس نے خاندانی دباؤ میں اس سے شادی کی ہے اور صرف اس صورت میں اس کے ساتھ رہے گی جب وہ داڑھی کٹوا دے گا۔ اسی موضوع پر جوڑے میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، مذکورہ شخص نے اپنی بیوی کے گھر والوں سے بھی اس کی شکایت کی۔
اس دوران عرشی کا شوہر کے چھوٹے بھائی کے ساتھ افیئر شروع ہو گیا، جس کے بعد دونوں بالآخر فرار ہوگئے، سماجی شرمندگی سے بچنے کی کوشش میں اس شخص نے اپنے رشتہ داروں کی مدد سے انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔
بعد میں اس نے اپنی بیوی اور بھائی کے لیے لاپتہ افراد کی شکایت درج کروائی اور عرشی کے گھر والوں کو مطلع کیا تاہم، اس کے خاندان نے مداخلت کرنے سے انکار کر دیا، یہ کہتے ہوئے کہ انہوں نے عرشی سے تمام تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔