احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی چھٹیوں کا تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا

اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی چھٹیاں منظور یا مسترد کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 25 جنوری سے آگے چھٹیوں کی درخواست کی ہے تاہم ان کی چھٹی منظوریا مستردکرنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اس وقت واحد جج ہیں اس لیے دیکھا جارہا ہے کہ کسے متبادل لگایا جائے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ہی العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو سزائیں سنائی تھیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی ان کی عدالت میں ہی چل رہا تھا۔

اس کے علاوہ جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ کیس بھی سنا جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس اور راجا پرویز اشرف بھی رینٹل پاور کیس میں جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش ہوتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں