نواز شریف روادار اور تعلق رکھنے والے شخص ہیں: وزیر اعظم آزاد کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر سے 100 ارب روپے تک ٹیکس اکٹھا ہو سکتا ہے۔

لندن میں گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا آزاد کشمیر میں بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کرنا چاہتا ہوں، ہماری حکومت ٹیکس چوری ختم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر سے 100 ارب روپے تک ٹیکس اکٹھا ہو سکتا ہے، وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے فنڈز میں کٹوتی کے بجائے اضافہ کرے۔

سردار تنویر الیاس کا مزید کہنا تھا بعض سیاستدانوں اور سرکاری افسروں نے دولت کے لیے آزاد کشمیر کے جنگلات کو تباہ کیا، 5 سال پہلے 50 فیصد زمین پر موجود جنگلات اب صرف 15 فیصد زمین پر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت مستحکم ہے، اپوزیشن ساتھ دے تو آزاد کشمیر کو خوابوں کی تعبیر کے مطابق بنا دوں گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا نواز شریف روادار اور تعلق رکھنے والے شخص ہیں، نواز شریف کے گزشتہ دور میں ان سے متواتر ملاقاتیں رہیں، نواز شریف کے مطابق کلثوم نواز میرے گھر کی تصویر دیکھ کر آنا چاہتی تھیں لیکن زندگی نے وفا نہ کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں