محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں آج دوپہر دو سے تین بجے کے قریب بارش متوقع ہے اور یہ اسپیل رات گئے تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوپہر کو ہونے والی بارش شام کے وقت میں تیز ہوسکتی ہے، بارش کا یہ اسپیل کل اور پرسوں بھی جاری رہ سکتا ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مون سون ہوائیں سندھ اور بلوچستان کی طرف بڑھ رہی ہیں، شہر میں آج تیز اور معتدل بارش کا امکان ہے جب کہ 6 جولائی کو ہلکی بارش متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحیٰ پر بھی بارش کا امکان موجود رہےگا، بارش برسانے والا سسٹم کمزور ہوگیا ہے اور سندھ میں زیادہ بارشیں نہیں ہوئی ہیں۔