محکمہ موسمیات کی گرمی سے ستائے شہریوں کیلئے خوشخبری

ملک بھر میں شدید گرمی سے بے حال شہریوں کے لیے خوشی کی خبر یہ ہے کہ مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل رواں ہفتے ہی شروع ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ جمعے سے شروع ہونے کا امکان ہے جس کے پیش نظر کشمیر، بالائی پنجاب، جنوب مشرقی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا اور سندھ میں 5 جولائی تک تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ مون سون کا دوسرا سلسلہ 6 سے 15جولائی تک متوقع ہے جس میں شدید بارشوں کا امکان ہے ،مزید برآں عیدالاضحیٰ پر بھی بارش متوقع ہے۔

ملک کے شمالی حصے میں 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہوگا :سردار سرفراز
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ مون سون سسٹم کے ساتھ بحیرہ عرب سے نم ہوائیں بھی ملک پر اثر انداز ہوں گی، ملک کے شمالی حصے میں 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہوگا ۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ اور دیگر علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے بارش ہوسکتی ہے، 2 جولائی کی شام یارات کراچی میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

انھوں نے بتایا کہ یہ سسٹم ملک کے جنوبی حصے سندھ اور بلوچستان میں زائد بارشوں کا باعث بن سکتا ہے ، اس دوران 3 سے 4 دن اور کچھ علاقوں میں 5 دن تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
حالیہ موسمیاتی جائزے کے مطابق یہ سسٹم تیز بارشوں کا باعث بن سکتا ہے،ساتھ ہی مون سون اسپیل کے قریب آنے پر درپیش مسائل کے حوالے سے الرٹ جاری کیے جاسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں