سکھر: بالائی علاقوں میں بارشوں کے بعد سندھ کے بیراجوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔
انچارج کنٹرول روم کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گڈو بیراج پرپانی کی سطح میں 600 کیوسک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سکھر بیراج پر 5 ہزار اور کوٹری بیراج پرپانی کی سطح میں 655 کیوسک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انچارج کنٹرول روم کی جانب سے جاری کردہ عداد وشمار کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی کمی 68 سے 53 ہزارکیوسک ہوگئی ہے، سکھر بیراج پر 39 سے 31 ہزار، کوٹری بیراج پر پانی کی کمی 63 سے 62 ہزارکیوسک ہوگئی ہے۔
پانی کی سطح میں اضافے کے باعث گڈو بیراج کی بی ایس فیڈر کینال کو کھول دیا گیا جس سے شکارپور،کندھ کوٹ اور جیکب آباد کے کاشت کاروں کو پانی مل سکےگا۔
سکھر بیراج کی کیرتھر کینال میں 400 کیوسک پانی بڑھا کر 5 ہزار 20 کیوسک،رائس کینال میں 260 کیوسک پانی بڑھا کر 6 ہزار 60 کیوسک کردیا گیا جب کہ دادو کینال میں 300 کیوسک پانی بڑھا کر 37 ہزار کیوسک کردیا گیا۔
اس کے علاوہ نارا اور روہڑی کینال میں پانی بڑھا کر 10 ہزار 600 سے 11 ہزار 550 کیوسک کردیا گیا ہے۔