کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان کا بجٹ عوام کی خواہشات کے مطابق بنایا گیا ہے اور اس سے سب مطمئن ہیں۔
بجٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بجٹ میں صوبے کی ضرورت کے مطابق میگا منصوبے بھی رکھے گئے ہیں، صوبے کے تمام علاقوں کے لیے یکساں فنڈز رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلا موقع ہے کہ اس بجٹ سے سب مطمئن ہیں، نہ اسمبلی میں کسی نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑیں اور نہ کسی نے اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہر بجٹ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج اسمبلی کے اندر ہوتا تھا اور اسمبلی کے باہر سیکڑوں لوگ اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کررہے ہوتے تھے ، اس مرتبہ ایسا بجٹ بنایا ہے کہ حکومتی اراکین کے ساتھ ساتھ اپوزیشن اراکین بھی مطمئن ہیں لہٰذا بجٹ کے حوالے سے صوبائی وزرا کی ناراضی کی باتیں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو بلوچستان کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز دینے چاہئیں، ہمیں شہباز شریف سے امید ہے کہ وہ صوبے کو فنڈز اور میگا منصوبے دیں گے کیونکہ بلوچستان دیگر صوبوں سے 200 سال پیچھے ہے۔