صوبہ ہزارہ تحریک نے کل ہزارہ ڈویژن میں عید الفطر نہ منانے کا اعلان کردیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں چاند نظر نہ آنے اور 3 مئی کو عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔
پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے کل عید الفطر کا اعلان کیا جس کے بعد صوبائی حکومت نے بھی سرکاری طور پر عید منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اب خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں کل عید نہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین سردار محمد یوسف نے اعلان کیا کہ کل ہزارہ میں عید نہیں منائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ ہزارہ میں عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق منگل کو منائی جائے گی۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مفتی کفایت اللہ کا کہنا تھاکہ ہزارہ ڈویژن میں عید مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے حکم پر تین مئی بروز منگل کو منائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شرعاً مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو قاضی القضاۃ کی حیثیت حاصل ہے اور ان کی مسترد شدہ گواہی مسترد تسلیم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ کل بروز پیر ہزارہ ڈویژن میں روزہ ہوگا اور معتکفین مساجد میں ہی رہنے کی پابندی کریں۔