(ن) لیگ ایک بار پھر بجلی کے اندھیرے ختم کرے گی: مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا ہےکہ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا سامنا ہے لہٰذامسلم لیگ (ن) پھر بجلی کے اندھیرے ختم کرے گی اور عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالے گی۔

سابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو جواب دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فخر ہے نوازشریف کی قیادت میں دنیا کے جدید اور سستے ترین پاورپلانٹ لگائے،کوئلے اورایل این جی کے سستے ایندھن سے بجلی بنا کر قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دی، نئے تار بچھانا، بجلی کی ترسیل اور تقسیم کا نظام پی ٹی آئی نے بند کردیا تھا لیکن ہم نے بجلی کی ترسیل اور تقسیم کا نظام بہتر کرنا شروع کردیا ہے، اس منصوبےکا مقصد بجلی کے شعبےکی تقسیم اور ترسیل میں نقصانات کم کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل اور نالائق حکومت نے بجلی کےشعبے کےنقصانات میں اضافہ کیا، (ن) لیگ بجلی ترسیل اور تقسیم کے نقصانات ایک بارپھرکم کرکےدکھائے گی۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ملک میں بجلی کے زیادہ کارخانے ہونے کا جھوٹ بول رہے ہیں، کارخانے زیادہ ہیں تو پاکستان میں بجلی کی قلت اور اندھیرے کیوں ہیں؟ پی ٹی آئی اپنےکرپٹ دور میں 8 ہزارمیگاواٹ کےنئے پاور پلانٹس لگانےکی کیوں کوشش کررہی تھی؟ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا سامنا ہے، مسلم لیگ (ن) پھر بجلی کے اندھیرے ختم کرے گی، لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بوقت ضرورت دال اورچنے باہر سے منگوانے پڑتے ہیں،کیا قوم دال اورچنے کھانا چھوڑدے؟ پاکستان میں پیداوار نہیں تو وہ چیز باہر سے ہی منگوانا پڑے گی، ہمارے دور میں گندم اور چینی میں پاکستان خود کفیل تھا، اب پی ٹی آئی کی کرپشن کی وجہ سے گندم اور چینی بھی پاکستان باہرسے منگوارہا ہے۔

مفتاح اسماعیل نےمزید کہاکہ پی ٹی آئی تین سال تک توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے میں مصروف رہی، پی ٹی آئی پولیس اور دیگرمحکموں کے عہدوں پرتقرر اور تبادلوں پرکرپشن کرنے میں مصروف رہی، ان کو کرپشن سے فرصت ملتی تو وزارت توانائی اور ملک پر توجہ دیتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں