عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے خاتمے کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے مظاہرے

سابق وزیراعظم عمران خان کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے،پی ٹی آئی کارکنان نے عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کےحق میں نعرے لگائے۔

عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ کے خاتمے کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے مظاہرے جاری ہیں اس حوالے سے کراچی میں ڈالمیا کے علاقے ملینیئم مال پر مظاہرہ کیا گیا جہاں پی ٹی آئی کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان نے مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔ لاہور میں لبرٹی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا جبکہ راولپنڈی میں لیاقت باغ پر مظاہرین موجود رہے دوسری جانب پشاور میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں نے ریلیاں نکالیں۔

اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں پی ٹی آئی کےکارکنوں نے عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کیا اس موقع پر انہوں نے ہاتھوں میں پارٹی کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے۔

خیال رہے کہ ہفتے کی رات قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ اب ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں