لاہور: ٹاؤن شپ میں ایک گھر میں آگ لگنے سے دو معمر خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور لاشیں اسپتال منتقل کردیں۔
پولیس کے مطابق ٹاؤن شپ میں کالج روڈ پر گھر میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والی معمر خواتین میں 70 سالہ ناہید اور 72 سالہ درشہوار دو سگی بہنیں شامل ہیں، دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والی خواتین گھر میں تنہا رہتی تھیں اور ان کا محلے میں زیادہ آنا جانا بھی نہیں تھا۔
پولیس کے مطابق خواتین کے پوسٹ مارٹم اور فارنزک رپورٹ کے بعد ہی گھر میں آگ لگنے کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔