مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت پر برستے ہوئےکہا ہےکہ 3.3 ٹریلین کے منصوبے لگانے والے شہباز شریف پر 45 لاکھ روپے کے پھول پودے لگانے کا الزام لگا کر نوٹس بھیج دیا۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، اربوں روپے بچانے والے کیا پودے لگانے کےلیے 45 لاکھ روپے کی کرپشن کریں گے؟
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پورے ملک کو مافیاز کو ٹھیکے پر دیدیا گیا ہے، اربوں کی بچت کرنےو الے کو پھول بوٹے لگانے پر 45 لاکھ کے نوٹس بھجوائے جارہے ہیں۔
مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اپنے خلاف الزامات پر جواب جمع کرائے، تفتیش مکمل ہوئی اور ریفرنس دائر نہیں ہوئے ، 3 سال میں نیب، عمران خان اور شہزاد اکبر سب تھک گئے، نیب نیازی گٹھ جوڑ ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو ، آٹا چینی چور مافیاز کے حوالے کردیا گیا ہے۔