اسلام آباد: حکومت نے شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن میں تیزی لانے کا فیصلہ کرلیا، ملک گیر ماس ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
نیشنل کنٹرول اینڈ کمانڈ سینٹر (این سی او سی) نے ماس ویکسی نیشن سینٹرز کے قیام کی منظوری دے دی، صوبوں کو ماس ویکسی نیشن سینٹرز 17 مارچ سے فعال کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ماس ویکی سنیشن سینٹرز 15 مرکزی حساس شہروں میں قائم ہوں گے، سینٹرز چاروں صوبائی دارالخلافوں میں قائم کیے جائیں گے، صوبے حسب ضرورت مزید ماس ویکسی نیشن سینٹرز قائم کرنے کے مجاز ہوں گے۔
ماس سینٹرز کا مقصد کم وقت میں زیادہ ویکسی نیشن یقینی بنانا ہے، سینٹرز لاہور ایکسپو سینٹرز کی طرز پر قائم کیے جائیں گے، سینٹرز کے قیام کا فیصلہ ایکسپو سینٹرز کی کامیابی کے بعد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ میں ماس ویکسی نیشن سینٹرز قائم ہوں گے، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، گجرات، گوجرانوالہ، حیدرآباد، مظفر آباد، میرپور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
خیال رہے ملک بھر میں ساٹھ سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کی ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے ، رجسٹریشن کے لیے اپنے بزرگ کا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر ایس ایم ایس کریں ، جس کے بعد ویکسی نیشن کیلئے آپ کوپن کوڈ کیساتھ جوابی ایس ایم ایس آئے گا، جس میں ویکیسن دستیاب ہوتے ہی آپ کو مقام اور تاریخ سے آگاہ کر دیا جائے گا۔